وفائیں کر کے جفاؤں کا غم اٹھائے جا

وفائیں کر کے جفاؤں کا غم اٹھائے جا

اسی طرح سے زمانے کو آزمائے جا

کسی میں اپنی صفت کے سوا کمال نہیں

جدھر اشارۂ فطرت ہو سر جھکائے جا

وہ لو رباب سے نکلی دھواں اٹھا دل سے

وفا کا راگ اسی دھن میں گنگنائے جا

نظر کے ساتھ محبت بدل نہیں سکتی

نظر بدل کے محبت کو آزمائے جا

خودی عشق نے جس دن سے کھول دیں آنکھیں

ہے آنسوؤں کا تقاضا کہ مسکرائے جا

نہیں ہے غم تو محبت کی تربیت ناقص

حوادث آئیں تو نرمی سے پیش آئے جا

تھی ابتدا میں یہ تادیب مفلسی مجھ کو

غلام رہ کے غلامی پہ مسکرائے جا

بدل نہ راہ خرد کے فریب میں آ کر

جنوں کے نقش قدم پر قدم بڑھائے جا

امید و یاس میں جینا ہے عشق کا مقصود

اسی مقام مقدس پہ تلملائے جا

چمن میں فرصت و تسکیں ہے موت کا پیغام

سکوں پسند نہ کر آشیاں بنائے جا

یہی ہے لطف محبت یہی ہے کیف حیات

حقیقتوں کی بنا پر فریب کھائے جا

وفا کا خواب ہے احسانؔ خواب بے تعبیر

وفائیں کر کے مقدر کو آزمائے جا

(1117) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Wafaen Kar Ke Jafaon Ka Gham UThae Ja In Urdu By Famous Poet Ehsan Danish. Wafaen Kar Ke Jafaon Ka Gham UThae Ja is written by Ehsan Danish. Enjoy reading Wafaen Kar Ke Jafaon Ka Gham UThae Ja Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Ehsan Danish. Free Dowlonad Wafaen Kar Ke Jafaon Ka Gham UThae Ja by Ehsan Danish in PDF.