شام

اس طرح ہے کہ ہر اک پیڑ کوئی مندر ہے

کوئی اجڑا ہوا، بے نور پرانا مندر

ڈھونڈھتا ہے جو خرابی کے بہانے کب سے

چاک ہر بام ہر اک در کا دم آخر ہے

آسماں کوئی پروہت ہے جو ہر بام تلے

جسم پر راکھ ملے ماتھے پہ سیندور ملے

سرنگوں بیٹھا ہے چپ چاپ نہ جانے کب سے

اس طرح ہے کہ پس پردہ کوئی ساحر ہے

جس نے آفاق پہ پھیلایا ہے یوں سحر کا دام

دامن وقت سے پیوست ہے یوں دامن شام

اب کبھی شام بجھے گی نہ اندھیرا ہوگا

اب کبھی رات ڈھلے گی نہ سویرا ہوگا

آسماں آس لیے ہے کہ یہ جادو ٹوٹے

چپ کی زنجیر کٹے، وقت کا دامن چھوٹے

دے کوئی سنکھ دہائی کوئی پایل بولے

کوئی بت جاگے، کوئی سانولی گھونگھٹ کھولے

(2437) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Sham In Urdu By Famous Poet Faiz Ahmad Faiz. Sham is written by Faiz Ahmad Faiz. Enjoy reading Sham Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Faiz Ahmad Faiz. Free Dowlonad Sham by Faiz Ahmad Faiz in PDF.