دل نہیں ملنے کا پھر میرا ستم گر ٹوٹ کر

دل نہیں ملنے کا پھر میرا ستم گر ٹوٹ کر

چیز یہ ایسی نہیں جڑ جائے گی جو پھوٹ کر

آج ہے دل میں مرے کل ہے عدو کی آنکھ میں

تجھ میں بھر دی ہے یہ ایسی کس نے شوخی کوٹ کر

اپنے بیگانوں کی نظریں پڑ رہی ہیں آپ پر

واہ کیا نام خدا نکلی جوانی پھوٹ کر

اس کا دشمن سے تعلق اس کا دشمن سے ملاپ

سن رہا ہوں آج کل جو کچھ الٰہی چھوٹ کر

اب کہاں نظارۂ گل اب کہاں لطف چمن

ایک آفت میں پڑے ہیں ہم قفس سے چھوٹ کر

بے خبر سوتا ہے کوئی سیج پر آرام سے

ہچکیاں لے لے کے کوئی رو رہا ہے پھوٹ کر

دل نہ پگھلے اور کس کا دل مرا دل حیف ہے

نازنیں پھر نازنیں تجھ سا جو روئے پھوٹ کر

یہ نہ مانے گا نہ سمجھائے سے سمجھے گا کبھی

تجھ پہ دل آیا ہے میرا اے ستم گر ٹوٹ کر

یاس و غم رنج و الم نے کر لیا ہے دل میں گھر

اے خوشیٔ وصل جاناں آئے دن بھی پھوٹ کر

اف رے ذوق جستجو اللہ رے شوق کوئے دوست

گرد رہ پیچھے رہی جاتی ہے مجھ سے چھوٹ کر

خاک اڑتی ہے دل ویراں میں اب رکھا ہے کیا

یاس سب کچھ لے گئی ارمان و حسرت لوٹ کر

کیوں ستاتا ہے فروغؔ مبتلا کو اس قدر

دل نہیں جڑتا نہیں جڑتا ستم گر ٹوٹ کر

(690) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Dil Nahin Milne Ka Phir Mera Sitamgar TuT Kar In Urdu By Famous Poet Farogh Haiderabdi. Dil Nahin Milne Ka Phir Mera Sitamgar TuT Kar is written by Farogh Haiderabdi. Enjoy reading Dil Nahin Milne Ka Phir Mera Sitamgar TuT Kar Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Farogh Haiderabdi. Free Dowlonad Dil Nahin Milne Ka Phir Mera Sitamgar TuT Kar by Farogh Haiderabdi in PDF.