یہ کون آیا

انشاؔ جی یہ کون آیا کس دیس کا باسی ہے

ہونٹوں پہ تبسم ہے آنکھوں میں اداسی ہے

خوابوں کے گلستاں کی خوشبوئے دل آرا ہے

یا صبح تمنا کے ماتھے کا ستارا ہے

ترسی ہوئی نظروں کو اب اور نہ ترسا رے

اے حسن کے سوداگر اے روپ کے بنجارے

رمنا دل انشاؔ کا اب تیرا ٹھکانا ہو

اب کوئی بھی صورت ہو اب کوئی بہانا ہو

خاکستر دل کو ہے پھر شعلہ بجاں ہونا

حیرت کا جہاں ہونا حسرت کا نشاں ہونا

اے شخص جو تو آکر یوں دل میں سمایا ہے

تو درد کہ درماں ہے تو دھوپ کہ سایا ہے؟

نیناں ترے جادو ہیں گیسو ترے خوشبو ہیں

باتیں کسی جنگل میں بھٹکا ہوا آہو ہیں

مقصود وفا سن لے کیا صاف ہے سادہ ہے

جینے کی تمنا ہے مرنے کا ارادہ ہے

(1213) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Ye Kaun Aaya In Urdu By Famous Poet Ibn E Insha. Ye Kaun Aaya is written by Ibn E Insha. Enjoy reading Ye Kaun Aaya Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Ibn E Insha. Free Dowlonad Ye Kaun Aaya by Ibn E Insha in PDF.