(۱) تمامی حجت کی خاطر امام

تمامی حجت کی خاطر امام

لگا کہنے رو کر سوے اہل شام

کہ اے قوم یہ طفل اصغر بنام

مرے ہے مری گود میں تشنہ کام

نہ کوئی مرا یار و یاور رہا

نہ قاسم رہا ہے نہ اکبر رہا

جسے دیکھتا ہوں سو وہ مر رہا

مرے اقربا تم نے مارے تمام

یہ پیمان کرتا ہوں میں تم سے اب

کہ ناموس اپنے اٹھاؤں گا سب

کسو اور جاؤں گا چھوڑا عرب

حبش ہند اپنا کروں گا مقام

نہ دعویٰ کروں گا قیامت کو بھی

کیا پیشکش میں امامت کو بھی

گوارا کیا سب ملامت کو بھی

نہ یاں کی مصیبت کا واں لوں گا نام

کس و کو کو اپنے لیے جاؤں گا

نبیؐ کا نواسا نہ کہلاؤں گا

جو قسمت میں ہوگا سو واں کھاؤں گا

بدل ڈالوں گا اپنا حیدر کا نام

مسافرعرب نام رکھوں گا میں

کسو سے نہ کچھ کام رکھوں گا میں

قدم آگے ہر گام رکھوں گا میں

کہیں کر رہوں گا سحر اپنی شام

ادھر سے ادھر ہی کروں گا سفر

نہ جانے گا کوئی چلا ہے کدھر

کروں گا وطن کی نہ جانب نظر

کیا میں مدینے کو یاں سے سلام

رفیق اور یاور ہوئے سب تلف

ہوا تیغ کا میرا کنبہ علف

نہ سجاد بن کوئی اب ہے خلف

سو اس خستہ کو تپ رہے ہے مدام

امام اپنا گو مجھ کو مت جانو تم

علی کے نہ رتبے کو پہچانو تم

خدا کو تو اے قوم ٹک مانو تم

کہ بندے کے ہاتھ آوے پانی کا جام

گئے خویش و فرزند سب دردناک

ہوئے میرے بھائی جگر سینہ چاک

رہا میں سو ہوں مستعد ہلاک

گیا خاک میں مل مرا احتشام

گرے کٹ کے یک لخت لخت جگر

گئے مارے یعنی عزیز و پسر

لڑائی تلک جمع تھے وے گہر

لڑی ٹوٹی اب وہ گیا انتظام

ستم جو کیا تم نے ہم نے سہا

مرے اقربا میں نہ کوئی رہا

کمینوں نے کیا کیا نہ منھ پر کہا

رہا کچھ نہ جب پھر کیا احترام

خرابے سے بدتر ہوا میرا باغ

گئے پھول گل مجھ کو دکھلا کے داغ

کیا خوش نوا طائروں نے فراغ

نپٹ شور زاغاں سے ہے دھوم دھام

مروت کرو ٹک دم آب دو

کہ تسکین دل ہووے اس طفل کو

مرا کینہ اس بے خبر سے نہ لو

نہ اس سے رکھو کچھ غم انتقام

سنی سب نے یہ خونچکاں گفتگو

سروں کو کیا شرم سے ٹک فرو

مگر اک سیہ کار ہو روبرو

لگا کہنے کیا ہے یہ طول کلام

کہاں بات کرنے کی فرصت ہے یاں

دم آب موقوف بیعت ہے یاں

ہے مہلت جو کچھ ہے غنیمت ہے یاں

ہمیں قتل و غارت کا ہے اہتمام

نہ باتیں کر اتنی لڑائی ہے اب

یزید اور عمر کی دہائی ہے اب

بہم سب نے سوگند کھائی ہے اب

کہ دیں آب تو ہم پہ کھانا حرام

اگر آب ہو جائے سارا جہاں

نہ معلوم ہو کچھ زمیں کا نشاں

تجھے بوند پانی نہ دیں اے جواں

مگر تو اطاعت کرے لاکلام

یہ سن رکھ کہ ہم لوگ ہیں لشکری

نہ جانیں ہیں دیں کو نہ پیغمبری

ہمیں کوئی کچھ دے کرے سروری

اشارت کرے تو کریں قتل عام

بس اب گفتگو وقت فرصت نہیں

لڑائی ہے یاں کوئی صحبت نہیں

بہت آب پر تیری قسمت نہیں

یہی منھ پہ کہنا یہی ہے پیام

روایت ہے واں اک فرنگی بھی تھا

ہوا گوش زد اس کے یہ ماجرا

سبھوں سے مخاطب ہو ان نے کہا

یہ ہے کون اے مردم زشت فام

کہا ایک نے برگزیدہ ہے یہ

محمدؐ کا نور دودیدہ ہے یہ

ہوا کیا جو آفت رسیدہ ہے یہ

علی کا ہے فرزند خود ہے امام

وہ بولا کہ اے قوم جاہل ہو تم

شریر و سیہ کار و باطل ہو تم

سب اس شخص کے خوں کے مائل ہو تم

کہو جس کو فرزند خیر انام

نبی زادہ ہے تشنگی سے نڈھال

تمھیں اس کے جی مارنے کا خیال

عتاب اس پہ کرتا ہے ہر بدخصال

خطاب اس سے کرتا ہے اب ہرکدام

زہے دین و آئین و خلق و ادب

عجب اے محمدپرستاں عجب

سب اس کے پئے خون ہو بے سبب

سبب جس کے دیں کا تمھارے قیام

اہانت ہو عیسیٰ کے خر کی جہاں

کریں لوہو نصرانی اپنا رواں

رہے تیغ خوں خوار ہی درمیاں

نہ ہو واں کا جس دم تلک انہدام

کیا ہے عمل تم نے وہ اختیار

نہ جس کو کریں کافران تتار

رہے گا ستم یہ بہت یادگار

ہوئے ہو سزاوار طعن دوام

عبث دیں کو برباد تم نے کیا

محمدؐ کے منھ سے نہ کی کچھ حیا

کسو سے بھی دنیا کرے ہے وفا

طمع تم سیہ باطنوں کی ہے خام

ہوا واقعہ پھر سو جانیں ہیں سب

ستم گذرا ایسا کہاں اور کب

قیامت غضب قہر رنج و تعب

ہوا بیکسانہ تمام اس کا کام

اٹھایا جبیں پر جو زخم سناں

ہوا خاک پر خون ازبس رواں

جھکا پشت زیں سے امام زماں

گئی چھوٹ مرکب کی کف سے لگام

غش آیا لہو جو بہت سا گیا

جھکا یعنی سجدے کا مائل ہوا

سر و تن ہوئے اتفاقاً جدا

نہ چالیس دن تک ہوا التیام

مندی آنکھ شہ کی ہوا طور اور

ستمگار کرنے لگے جور اور

گیا وہ زمانہ ہوا دور اور

گیا سوے سجاد وہ ازدحام

لگا آگ خیمے جلانے لگے

پدرمردہ کو کھینچ لانے لگے

ستائے ہوؤں کو ستانے لگے

کھلے سر گئے مردمان خیام

جگر میں بھری آگ آنکھوں میں آب

مرض سے بدن کے تعب کی نہ تاب

قدم کانپتے راہ چلنا شتاب

بندھے ہاتھ میں اشتروں کی زمام

نظر سوے اہل حرم دم بدم

بہت باپ کے مرنے کا دل میں غم

مصیبت بہت جان میں تاب کم

دکھ اس کا کہیں میرؔ کیا ہم غلام

(1419) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

In Urdu By Famous Poet Mir Taqi Mir. is written by Mir Taqi Mir. Enjoy reading  Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Mir Taqi Mir. Free Dowlonad  by Mir Taqi Mir in PDF.