دل شہید رہ دامان نہ ہوا تھا سو ہوا

دل شہید رہ دامان نہ ہوا تھا سو ہوا

ٹکڑے ٹکڑے جو گریباں نہ ہوا تھا سو ہوا

برق بے نور ہے اس رخ کی چمک کے آگے

عالم نور کا انساں نہ ہوا تھا سو ہوا

رونے پر میرے ہوا ہنس کے وہ گل شرمندہ

غنچہ ساں سر بہ گریباں نہ ہوا تھا سو ہوا

میں نے رنگیں نہ کیا اس کا تڑپ کر دامن

سر جلاد پہ احساں نہ ہوا تھا سو ہوا

ہو گیا دیکھ کے قاضی بھی طرفدار اس کا

بے گنہ خون مسلماں نہ ہوا تھا سو ہوا

ہر زباں پر مری رسوائی کا افسانہ ہے

نسخۂ شوق پریشاں نہ ہوا تھا سو ہوا

عرق آلودہ جبیں دیکھ کے دل ڈوب گیا

شبنم باغ سے طوفاں نہ ہوا تھا سو ہوا

قتل کر کے مجھے تلوار کو توڑا اس نے

خون ناحق سے پشیماں نہ ہوا تھا سو ہوا

یار کے روئے کتابی کی کروں کیا تعریف

بعد قرآں کے جو قرآں نہ ہوا تھا سو ہوا

آنسو آنکھوں سے نکلتا ہے سو چنگاری ہے

پردۂ دل سے نمایاں نہ ہوا تھا سو ہوا

آتش عشق سے ہے داغ سراپا میرا

آدمی سرو چراغاں نہ ہوا تھا سو ہوا

گرد رہ بن کے ہوا صندل پیشانیٔ یار

ذرہ خورشید درخشاں نہ ہوا تھا سو ہوا

پہروں ہی مصرع سودا ہے رلاتا آتشؔ

تجھے اے دیدۂ گریاں نہ ہوا تھا سو ہوا

(848) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Dil Shahid-e-rah-e-daman Na Hua Tha So Hua In Urdu By Famous Poet Haidar Ali Aatish. Dil Shahid-e-rah-e-daman Na Hua Tha So Hua is written by Haidar Ali Aatish. Enjoy reading Dil Shahid-e-rah-e-daman Na Hua Tha So Hua Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Haidar Ali Aatish. Free Dowlonad Dil Shahid-e-rah-e-daman Na Hua Tha So Hua by Haidar Ali Aatish in PDF.