اس حسن کا شیدا ہوں اس حسن کا دیوانہ

اس حسن کا شیدا ہوں اس حسن کا دیوانہ

ہر گل ہے جہاں بلبل ہر شمع ہے پروانہ

پتھر پڑیں دونوں پر کعبہ ہو کہ بت خانہ

دونوں سے کہیں اچھا دیوانے کا پروانہ

کہتا ہے انا لیلیٰ کیسا ہے یہ دیوانہ

نبھنے کا نہیں دو دن اب قیس سے یارانہ

کعبہ ہو کلیسا ہو دل ہو کہ صنم خانہ

جلوہ ہو جہاں تیرا آباد وہ کاشانہ

چھوٹا سا مرا دل ہے ٹوٹا سا مرا دل ہے

صورت میں تو پیمانہ وسعت میں ہے مے خانہ

دل سے ہے لگی یہ لو اک ذرہ برابر ضو

پڑ جائے ترا پرتو اے جلوۂ جانانہ

بیگانہ یگانہ ہے دل آئینہ خانہ ہے

کعبے کا یہ کعبہ ہے بت خانے کا بت خانہ

ہے جوش جنوں پر وہ اے عشق خرد آگہ

فرزانہ ہے دیوانہ دیوانہ ہے فرزانہ

فرہاد بھی مجنوں بھی لیتے ہیں قدم میرے

ایسا بھی نہ ہو کوئی اس عشق میں دیوانہ

یاد آئی بہت ہم کو ٹوٹی ہوئی توبہ بھی

دیکھا جو کہیں ہم نے ٹوٹا ہوا پیمانہ

شیشے کی پری تجھ میں کیا حسن کا عالم ہے

ساقی نہ ہو پھر بھی تو یہ گھر ہے پری خانہ

دے کوئی سکھی داتا مے خانہ بڑا گھر ہے

آتا ہے صدا دیتا شب کو کوئی مستانہ

بہکے ہوئے لوگوں میں سب سے ہیں ریاضؔ اچھے

رفتار ہے مستانہ گفتار ہے رندانہ

(454) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

In Urdu By Famous Poet Riyaz Khairabadi. is written by Riyaz Khairabadi. Enjoy reading  Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Riyaz Khairabadi. Free Dowlonad  by Riyaz Khairabadi in PDF.