رشک مہتاب جہاں تاب تھا ہر قریۂ جاں

رشک مہتاب جہاں تاب تھا ہر قریۂ جاں

جب بھی دل پر چمک اٹھے ترے قدموں کے نشاں

کون گزرا ہے مہک بن کے دیار دل سے

اتنی گل پوش تھیں کب شہر طلب کی گلیاں

تیری تصویر کے پرتو نہیں مٹنے پاتے

ایک مدت سے ہے دل کارگہہ شیشہ گراں

آج اس موڑ پہ ہے شہر تمنا آباد

ترا دامن نگہ شوق نے چوما تھا جہاں

میں ترے درد کی کلفت کو کہاں لے آیا

میرے ہم راہ دھڑکتا ہے دل کون و مکاں

اتنی مدھم تو نہیں ہے مری فریاد کی لے

ان سلاسل کی صدا گونجے گی زنداں زنداں

وقت آئے گا کہ دہرائیں گے خود اہل جفا

میں نے جو گیت سنائے ہیں سر نوک سناں

موج در موج ابھرتے ہیں تمنا کے سراب

میری تشنہ دہنی میں ہیں سمندر پنہاں

میں وہ اشکوں کا بھکاری ہوں سر راہ وفا

جس کی ٹھوکر میں رہا مرحلۂ سود و زیاں

میں وہ سودائی گل ہوں کہ مری آنکھوں نے

سینۂ غار میں دیکھی ہیں مچلتی کلیاں

غم کے لمحوں کا تعین کبھی سوچا تو نسیمؔ

ایک اک پل سے مجھے جھانک رہی تھیں صدیاں

(550) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

In Urdu By Famous Poet Sadique Naseem. is written by Sadique Naseem. Enjoy reading  Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Sadique Naseem. Free Dowlonad  by Sadique Naseem in PDF.