ایک حسن فروش سے

محبت آہ تیری یہ محبت رات بھر کی ہے

تری رنگین خلوت کی لطافت رات بھر کی ہے

ترے شاداب ہونٹوں کی عنایت رات بھر کی ہے

ترے مستانہ بوسوں کی حلاوت رات بھر کی ہے

مہ روشن ہے تو اور تیری طلعت رات بھر کی ہے

گل شبو ہے تو اور تیری نکہت رات بھر کی ہے

تو کیا جانے کہ سودائے محبت کس کو کہتے ہیں

محبت اور محبت کی لطافت کس کو کہتے ہیں

غم ہجراں ہے کیا اور سوز الفت کس کو کہتے ہیں

جنوں ہوتا ہے کیسا اور وحشت کس کو کہتے ہیں

تو کیا جانے غم شب ہائے فرقت کس کو کہتے ہیں

ترے اظہار الفت کی فصاحت رات بھر کی ہے

نگاہ مست سے دل کو مرے تڑپا رہی ہے تو

ادائے شوق سے جذبات کو بھڑکا رہی ہے تو

مجھے بچے کی صورت ناز سے پھسلا رہی ہے تو

کھلونے دے کے بوسوں کے مجھے بہلا رہی ہے تو

مگر نادان ہے تو آہ دھوکا کھا رہی ہے تو

ترا روئے درخشاں ہے بظاہر ماہتاب آسا

ترے ہونٹوں کی شادابی ہے رنگت میں شراب آسا

ترے رخسار کی مہتابیاں ہیں آفتاب آسا

مگر ان کی حقیقت ہے حباب آسا سراب آسا

کہ غازے کی صباحت اس پہ چھائی ہے نقاب آسا

اور اس غازے کی بھی جھوٹی صباحت رات بھر کی ہے

یہ مانا تیری خلوت کی فضا روح گلستاں ہے

تری خلوت کا ہر فانوس اک مہتاب لرزاں ہے

ترا ابریشمی بستر نہیں اک خواب خنداں ہے

ترا جسم آفت دل تیرا سینہ آفت جاں ہے

تو اک زندہ ستارہ ہے جو تنہائی میں تاباں ہے

مگر کہتے ہیں تاروں کی حکومت رات بھر کی ہے

لطافت سے ہیں خالی تیرے کمھلائے ہوئے بوسے

طراوت سے ہیں خالی تیرے مرجھائے ہوئے بوسے

نزاکت سے ہیں خالی تیرے گھبرائے ہوئے بوسے

حقیقت سے ہیں خالی تیرے شرمائے ہوئے بوسے

محبت سے ہیں خالی تیرے گھبرائے ہوئے بوسے

اور ان بوسوں کی یہ جھوٹی حلاوت رات بھر کی ہے

ترے زہریلے بوسے مجھ کو جس دم یاد آئیں گے

مرے ہونٹوں پہ کالے ناگ بن کر تھرتھرائیں گے

پشیمانی کے جذبے مجھ کو دیوانہ بنائیں گے

مرے انکار کو نفرت کے خنجر گدگدائیں گے

مرے دل کی رگوں میں غم کے شعلے تیر جائیں گے

میں سمجھا! آہ سمجھا! یہ مسرت رات بھر کی ہے

مجھے دیوانہ کرنے کی مسرت بے خبر کب تک

رہے گی میرے دل میں تیری الفت کارگر کب تک

مجھے مسحور رکھے گا یہ عشق بے ثمر کب تک

حقیقت کی سحر آخر نہ ہوگی پردہ در کب تک

مجھے مغلوب کر کے خوش ہے تو ظالم مگر کب تک

تری یہ فتح میری یہ ہزیمت رات بھر کی ہے

(1072) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Ek Husn-farosh Se In Urdu By Famous Poet Akhtar Shirani. Ek Husn-farosh Se is written by Akhtar Shirani. Enjoy reading Ek Husn-farosh Se Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Akhtar Shirani. Free Dowlonad Ek Husn-farosh Se by Akhtar Shirani in PDF.