ان کا جشن سال گرہ

اک مجمع رنگیں میں وہ گھبرائی ہوئی سی

بیٹھی ہے عجب ناز سے شرمائی ہوئی سی

آنکھوں میں حیا لب پہ ہنسی آئی ہوئی سی

ہونٹوں پہ فدا روح بہار و گل و نسریں

آنکھوں کی چمک رو کش بزم مہ و پرویں

پیراہن زر تار میں اک پیکر سیمیں

لہریں سی وہ لیتا ہوا اک پھول کا سہرا

سہرے میں جھمکتا ہوا اک چاند سا چہرا

اک رنگ سا رخ پر کبھی ہلکا کبھی گہرا

ہر سانس میں احساس فراواں کی کہانی

خاموشئ محبوب میں اک سیل معانی

جذبات کے طوفاں میں ہے دوشیزہ جوانی

فطرت نئے جذبات کے در کھول رہی ہے

میزان جوانی میں اسے تول رہی ہے

لب ساکت و صامت ہیں نظر بول رہی ہے

سرشار نگاہوں میں حیا جھوم رہی ہے

ہیں رقص میں افلاک زمیں گھوم رہی ہے

شاعر کی وفا بڑھ کے قدم چوم رہی ہے

اے تو کہ ترے دم سے مری زمزمہ خوانی

ہو تجھ کو مبارک یہ تری نور جہانی

افکار سے محفوظ رہے تیری جوانی

چھلکے تری آنکھوں سے شراب اور زیادہ

مہکیں ترے عارض کے گلاب اور زیادہ

اللہ کرے زور شباب اور زیادہ

(952) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Un Ka Jashn-e-sal-girah In Urdu By Famous Poet Asrar-ul-Haq Majaz. Un Ka Jashn-e-sal-girah is written by Asrar-ul-Haq Majaz. Enjoy reading Un Ka Jashn-e-sal-girah Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Asrar-ul-Haq Majaz. Free Dowlonad Un Ka Jashn-e-sal-girah by Asrar-ul-Haq Majaz in PDF.