میری آہٹ

میری آہٹ گونج رہی ہے

دنیا کی ہر راہ گزر میں

اوشا میرے نقش قدم پر

خوشبو کی پچکاری لے کر

رنگ چھڑکتی جاتی ہے

سورج کے البیلے مغنی

جنبش پا کے سرگم پر

سنگیت سناتے جاتے ہیں

سجی سجائی شام کی دلہن

شب کی سیہ اندام ابھاگن

میرے من کی نازک دھڑکن

ایک ہی تال پہ لہراتی ہیں

چنچل لہریں سرکش ذرے

کہرے کی بانہوں میں سائے

گرد کف پا کے سیارے

ایک ہی گت پر ناچ رہے ہیں

میری آہٹ گونج رہی ہے

دنیا کی ہر راہ گزر میں

پھر بھی یوں لگتا ہے جیسے

یہ گیتی با وصف وسعت

ایک اکیلی بستی ہے

اور جیسے ہر بزم آرائی

اک اظہار تنہائی ہے

اور جیسے یہ چاند ستارے

سورج، دریا، صحرا

موسم بر اعظم

سب موہوم دھندلکے ہیں

سب میری پائندہ انا کے جلتے بجھتے ہالے ہیں

سب آوازیں فانی ہیں

اک میری آہٹ لافانی ہے

(781) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Meri AahaT In Urdu By Famous Poet Aziz Tamannai. Meri AahaT is written by Aziz Tamannai. Enjoy reading Meri AahaT Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Aziz Tamannai. Free Dowlonad Meri AahaT by Aziz Tamannai in PDF.