اپنے غم کا مجھے کہاں غم ہے

اپنے غم کا مجھے کہاں غم ہے

اے کہ تیری خوشی مقدم ہے

آگ میں جو پڑا وہ آگ ہوا

حسن سوز نہاں مجسم ہے

اس کے شیطان کو کہاں توفیق

عشق کرنا گناہ آدم ہے

دل کے دھڑکوں میں زور ضرب کلیم

کس قدر اس حباب میں دم ہے

ہے وہی عشق زندہ و جاوید

جسے آب حیات بھی سم ہے

اس میں ٹھہراؤ یا سکون کہاں

زندگی انقلاب پیہم ہے

اک تڑپ موج تہ نشیں کی طرح

زندگی کی بنائے محکم ہے

رہتی دنیا میں عشق کی دنیا

نئے عنوان سے منظم ہے

اٹھنے والی ہے بزم ماضی کی

روشنی کم ہے زندگی کم ہے

یہ بھی نظم حیات ہے کوئی

زندگی زندگی کا ماتم ہے

اک معمہ ہے زندگی اے دوست

یہ بھی تیری ادائے‌ مبہم ہے

اے محبت تو اک عذاب سہی

زندگی بے ترے جہنم ہے

اک تلاطم سا رنگ و نکہت کا

پیکر ناز میں دما دم ہے

پھرنے کو ہے رسیلی نیم نگاہ

آہوئے ناز مائل رم ہے

روپ کے جوت زیر پیراہن

گلستاں پر ردائے شبنم ہے

میرے سینے سے لگ کے سو جاؤ

پلکیں بھاری ہیں رات بھی کم ہے

آہ یہ مہربانیاں تیری

شادمانی کی آنکھ پر نم ہے

نرم و دوشیزہ کس قدر ہے نگاہ

ہر نظر داستان مریم ہے

مہر و مہ شعلہ ہائے ساز جمال

جس کی جھنکار اتنی مدھم ہے

جیسے اچھلے جنوں کی پہلی شام

اس ادا سے وہ زلف برہم ہے

یوں بھی دل میں نہیں وہ پہلی امنگ

اور تیری نگاہ بھی کم ہے

اور کیوں چھیڑتی ہے گردش چرخ

وہ نظر پھر گئی یہ کیا کم ہے

روکش صد حریم دل ہے فضا

وہ جہاں ہیں عجیب عالم ہے

دیئے جاتی ہے لو صدائے فراقؔ

ہاں وہی سوز و ساز کم کم ہے

(1027) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Apne Gham Ka Mujhe Kahan Gham Hai In Urdu By Famous Poet Firaq Gorakhpuri. Apne Gham Ka Mujhe Kahan Gham Hai is written by Firaq Gorakhpuri. Enjoy reading Apne Gham Ka Mujhe Kahan Gham Hai Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Firaq Gorakhpuri. Free Dowlonad Apne Gham Ka Mujhe Kahan Gham Hai by Firaq Gorakhpuri in PDF.