آج اک لہر بھی پانی میں نہ تھی

آج اک لہر بھی پانی میں نہ تھی

کوئی تصویر روانی میں نہ تھی

ولولہ مصرعۂ اول میں نہ تھا

حرکت مصرعۂ ثانی میں نہ تھی

کوئی آہنگ نہ الفاظ میں تھا

کیفیت کوئی معانی میں نہ تھی

خوں کا نم سادہ نوائی میں نہ تھا

خوں کی بو شوخ بیانی میں نہ تھی

کوئی مفہوم تصور میں نہ تھا

کوئی بھی بات کہانی میں نہ تھی

رنگ اب کوئی خلاؤں میں نہ تھا

کوئی پہچان نشانی میں نہ تھی

خوش یقینی میں نہ تھا اب کوئی نور

ضو کوئی خندہ گمانی میں نہ تھی

جی سلگنے کا دھواں خط میں نہ تھا

روشنی حرف زبانی میں نہ تھی

رنج بھولے ہوئے وعدے کا نہ تھا

لذت اب یاد دہانی میں نہ تھی

لو کہ جامد سی غزل بھی لکھ دی

آج کچھ زندگی بانیؔ میں نہ تھی

(390) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

In Urdu By Famous Poet Rajinder Manchanda, Bani. is written by Rajinder Manchanda, Bani. Enjoy reading  Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Rajinder Manchanda, Bani. Free Dowlonad  by Rajinder Manchanda, Bani in PDF.