جھک سکے آپ کا یہ سر تو جھکا کر دیکھیں

جھک سکے آپ کا یہ سر تو جھکا کر دیکھیں

راہ میں دل ہے کہ پتھر ہے اٹھا کر دیکھیں

یہ بھی اک شرط ہے تکمیل حکایت کے لیے

حال و مستقبل و ماضی کو ملا کر دیکھیں

آبرو حسن کی ہو جائے نہ پامال نظر

دیکھنا ہو تو اٹھیں خود سے چھپا کر دیکھیں

غیرت زہرہ وشاں رشک قمر ہیں کہ نہیں

آؤ ان خاک کے ذروں کو اٹھا کر دیکھیں

اب نہیں ملنے کے دنیا میں وہ خاصان جنوں

لاکھ ہم اہل خرد شمع جلا کر دیکھیں

ان حجابوں کو جو مانوس ازل ہیں اب تک

آؤ فطرت کی نگاہوں میں سما کر دیکھیں

خود ہی کھل جائے گا ارباب گلستاں کا بھرم

چھیڑ کر گل کو تو غنچوں کو ہنسا کر دیکھیں

زندگی درد سراپا ہی نہیں پیار بھی ہے

آؤ اس پیار کو نغموں میں سجا کر دیکھیں

کیا عطا ہوتی ہے کیا اجر و صلہ ملتا ہے

اے رضاؔ دست طلب ہم بھی بڑھا کر دیکھیں

(447) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

In Urdu By Famous Poet Raza Jaunpuri. is written by Raza Jaunpuri. Enjoy reading  Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Raza Jaunpuri. Free Dowlonad  by Raza Jaunpuri in PDF.