نظر چرا گئے اظہار مدعا سے مرے

نظر چرا گئے اظہار مدعا سے مرے

تمام لفظ جو لگتے تھے آشنا سے مرے

رفیقو راہ کے خم صبح کچھ ہیں شام کچھ اور

ملے گی تم کو نہ منزل نقوش پا سے مرے

لگی ہے چشم زمانہ اگرچہ وہ دامن

بہت ہے دور ابھی دست نارسا سے مرے

یہیں کہیں وہ حقیقت نہ کیوں تلاش کروں

جسے گریز ہے اوہام ماورا سے مرے

کسی پہ منت بے جا نہیں کہ سچ یہ ہے

سنور گئے دل و جاں شیوۂ وفا سے مرے

گراں ہیں کان پہ ان کے وہی سخن جو ابھی

ادا ہوئے بھی نہیں نطق بے نوا سے مرے

کھلا چمن نہ ہوا میں پھر اے نقیب بہار

ابھی تو زخم ہرے ہیں تری دعا سے مرے

نشاط و رنگ کے خوگر مجھے معاف رکھیں

چھلک پڑے جو لہو ساز خوش نوا سے مرے

(530) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

In Urdu By Famous Poet Shaanul Haq Haqqi. is written by Shaanul Haq Haqqi. Enjoy reading  Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Shaanul Haq Haqqi. Free Dowlonad  by Shaanul Haq Haqqi in PDF.