جلوۂ حسن کرم کا آسرا کرتا ہوں میں

جلوۂ حسن کرم کا آسرا کرتا ہوں میں

جو خطا ممکن ہے مجھ سے بے خطا کرتا ہوں میں

جب صبوحی لے کے ورد مرحبا کرتا ہوں میں

زندگی کو نیند سے چونکا دیا کرتا ہوں میں

ہائے وہ عالم کہ جب ہر شے سے گھبراتا ہوں میں

آپ ہی اپنی نگاہوں سے بچا کرتا ہوں میں

وہ بھی کیا دن تھے کہ تھا پینے پلانے ہی سے کام

ہائے اب چار آنسوؤں پر اکتفا کرتا ہوں میں

دل ربا ہوتے ہیں جن کے آخری لمحات زیست

اکثر ان پھولوں سے دامن بھر لیا کرتا ہوں میں

دیکھنے والے مری خاموشیٔ لب کو نہ دیکھ

آنکھوں آنکھوں میں فسانہ کہہ دیا کرتا ہوں میں

مظہر حسن طلب ہوگی نگاہ بے طلب

مدعا یہ ہے کہ ترک مدعا کرتا ہوں میں

صرف اس دھن میں کہ تعمیر محبت سہل ہو

جانے کن کن مشکلوں کا سامنا کرتا ہوں میں

دل لرز جاتا ہے سن کر ہر ستارے کا شکیلؔ

چاند سے تنہائیوں میں کچھ کہا کرتا ہوں میں

(533) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

In Urdu By Famous Poet Shakeel Badayuni. is written by Shakeel Badayuni. Enjoy reading  Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Shakeel Badayuni. Free Dowlonad  by Shakeel Badayuni in PDF.