شعر لکھنے کا فائدہ کیا ہے

شعر لکھنے کا فائدہ کیا ہے

اس سے کہنے کو اب رہا کیا ہے

پہلے سے طے شدہ محبت میں

تو بتا تیرا مشورہ کیا ہے

سرخ کیوں ہو رہے ہیں تیرے کان

میں نے تجھ سے ابھی کہا کیا ہے

آنکھیں مل مل کے دیکھتا ہوں اسے

دوپہر میں یہ چاند سا کیا ہے

میرا ہم عصر صبح کا تارا

میرے بارے میں جانتا کیا ہے

سوچتے ہونٹ بولتی آنکھیں

حیرتی کا مکالمہ کیا ہے

شور سا اٹھ رہا ہے چار طرف

کچھ گرا ہے مگر گرا کیا ہے

میں یہاں سے پلٹنا چاہتا ہوں

اے خدا تیرا مشورہ کیا ہے

جسم کے اس طرف ہے گل آباد

پھاند دیوار دیکھتا کیا ہے

میری خود سے مفاہمت نہ ہوئی

تو بتا تیرا مسئلہ کیا ہے

اس لئے بولنے پہ ہوں مجبور

آپ سوچیں گے سوچتا کیا ہے

یہ بہت دیر میں ہوا معلوم

عشق کیا ہے مغالطہ کیا ہے

میں تو عادی ہوں خاک چھاننے کا

تم بتاؤ کہ ڈھونڈھنا کیا ہے

عشق کر کے بھی کھل نہیں پایا

تیرا میرا معاملہ کیا ہے

میں بنا تھا کھنکتی مٹی سے

میرے اندر سکوت سا کیا ہے

(1780) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Sher Likhne Ka Faeda Kya Hai In Urdu By Famous Poet Abbas Tabish. Sher Likhne Ka Faeda Kya Hai is written by Abbas Tabish. Enjoy reading Sher Likhne Ka Faeda Kya Hai Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Abbas Tabish. Free Dowlonad Sher Likhne Ka Faeda Kya Hai by Abbas Tabish in PDF.