صاف باتوں سے ہو گیا معلوم

صاف باتوں سے ہو گیا معلوم

ہوتے ہو مطلب آشنا معلوم

کشتہ تیغ نگہ سے کیجئے گا

چشم و ابرو سے ہو گیا معلوم

ابتدا نے محبت دل کی

یہ نہ تھی ہم کو انتہا معلوم

کچھ دہن ہی نہیں ہے وہ ناپید

کمر یار بھی ہے نا معلوم

در تک اس کے مری رسائی ہو

تجھ سے اے بخت نارسا معلوم

جب کہا روکے تجھ پہ مرتے ہیں

ہنس کے بولا وہ بت خدا معلوم

مہرباں آج کل ہے وہ بے مہر

اس میں ہوتی ہے کچھ دعا معلوم

تم سخن ساز ہو بڑے اے جان

طرز تقریر سے ہوا معلوم

جب معمے میں ذکر وصل کیا

بولا مطلب نہ کچھ ہوا معلوم

بد گماں دخت رز سے واعظ ہو

ہم کو ہوتی ہے پارسا معلوم

لے کے دل وہ کرے گا بے دردی

یہ نہ ڈھنگ اس کا قبل تھا معلوم

قابل عشق یہ حسین نہیں

ان دغا بازوں سے وفا معلوم

جب کہا میں نے او تغافل کیش

حال ہے میرے عشق کا معلوم

مثل آئینہ حیرتی ہوں قدیم

بولا لاکھوں ہیں ایسے کیا معلوم

ہاں مگر ہم کو دیکھا تو ہے کہیں

ہوتے ہو صورت آشنا معلوم

سابقہ جب تک اے قلقؔ نہ پڑے

حال انسان کا ہو کیا معلوم

(692) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Saf Baaton Se Ho Gaya Malum In Urdu By Famous Poet Arshad Ali Khan Qalaq. Saf Baaton Se Ho Gaya Malum is written by Arshad Ali Khan Qalaq. Enjoy reading Saf Baaton Se Ho Gaya Malum Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Arshad Ali Khan Qalaq. Free Dowlonad Saf Baaton Se Ho Gaya Malum by Arshad Ali Khan Qalaq in PDF.