جوہر آسماں سے کیا نہ ہوا

جوہر آسماں سے کیا نہ ہوا

درخور عرض مدعا نہ ہوا

سعی جاں لائق دوش نہ ہوئی

درد دل قابل دوا نہ ہوا

ڈھیر ہے اک غبار خاطر کا

خاک ہے جس کا دل صفا نہ ہوا

حیف دست دعا و دامن ناز

خیر گزری کہ تو خدا نہ ہوا

وحدہ لاشریک کیا معنی

نہ ہوا تو ہی آشنا نہ ہوا

رشک باہم ازل سے اول ہے

ایک کی شکل دوسرا نہ ہوا

واسطے دل کے ہے جگر درکار

دل ربا بھی تو دل ربا نہ ہوا

صاف ہاتھوں سے تیرے اڑ جاتا

خوں مرا طائر حنا نہ ہوا

اے فلک ملتے ملتے کھو جاتا

کسی مفلس کا آسرا نہ ہوا

یاد دلوانا کیوں نہیں معیوب

شکر کب شکوۂ جفا نہ ہوا

رہبری اور مجھ سے وحشی کی

رہنما اپنا رہنما نہ ہوا

بے نصیبیٔ بادشاہ نہ پوچھ

اس گدائی پہ بھی گدا نہ ہوا

نہ نکلتا کبھی مرے دل سے

میرا ہی تو بھی مدعا نہ ہوا

کون بہتر عدو سے ہو سچ ہے

کشتۂ ذلت وفا نہ ہوا

اہل قبلہ کو ہے تلاش امام

اے قلقؔ تو ہی پارسا نہ ہوا

(796) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Jauhar-e-asman Se Kya Na Hua In Urdu By Famous Poet Ghulam Maula Qalaq. Jauhar-e-asman Se Kya Na Hua is written by Ghulam Maula Qalaq. Enjoy reading Jauhar-e-asman Se Kya Na Hua Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Ghulam Maula Qalaq. Free Dowlonad Jauhar-e-asman Se Kya Na Hua by Ghulam Maula Qalaq in PDF.