ایک ہی خط میں ہے کیا حال جو مذکور نہیں

ایک ہی خط میں ہے کیا حال جو مذکور نہیں

دل تو دل عشق میں سادہ ورق طور نہیں

ایک ہم ہیں کہ کسی بات کا مقدور نہیں

ایک وہ ہیں کہ کسی رنگ میں مجبور نہیں

امتحاں گاہ محبت نہیں گل زار خلیل

کون ایسا ہے جو زخموں سے یہاں چور نہیں

نزع کا وقت ہے بیٹھا ہے سرہانے کوئی

وقت اب وہ ہے کہ مرنا ہمیں منظور نہیں

قابل غور ہے اے جلوہ پرستان ازل

یہ کہانی ہے مری واقعۂ طور نہیں

مصر کا چاند ہو آغوش میں زنداں کے طلوع

فطرت حسن بدل جائے تو کچھ دور نہیں

سر جھکائے در دولت سے پلٹنے والے

بے نیازی کی ادائیں ہیں وہ مغرور نہیں

جبہ سائی بھی گوارا نہیں کرتا کوئی

اٹھ کے جانا در دولت سے بھی دستور نہیں

عشق میں سرحد منزل سے کچھ آگے ہوں گے

اس کا رونا ہے کوئی سعی بھی مشکور نہیں

دل میں پیوست ہوئی تھی جو مرے روز ازل

ہے وہی شوخ نظر صاعقۂ طور نہیں

دل کو بھی دی گئی ہے خدمت درد ابدی

صرف آنکھیں ہی مری رونے پہ معمور نہیں

سر مژگاں مرے آنسو کا ستارہ چمکا

دار پر اب اثر جذبۂ منصور نہیں

صاد سرخی سے کیا کس نے سر فرد جمال

اپنے عالم میں ترے دیدۂ مخمور نہیں

زندگی ختم ہوئی جب تو اک آواز سنی

آ گیا میں ترے نزدیک بس اب دور نہیں

روح کہتی ہوئی نکلی ہے دم نزع عزیزؔ

ان سے اس بزم میں ملنا ہمیں منظور نہیں

(628) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Ek Hi KHat Mein Hai Kya Haal Jo Mazkur Nahin In Urdu By Famous Poet Aziz Lakhnavi. Ek Hi KHat Mein Hai Kya Haal Jo Mazkur Nahin is written by Aziz Lakhnavi. Enjoy reading Ek Hi KHat Mein Hai Kya Haal Jo Mazkur Nahin Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Aziz Lakhnavi. Free Dowlonad Ek Hi KHat Mein Hai Kya Haal Jo Mazkur Nahin by Aziz Lakhnavi in PDF.