بولئے کرتا ہوں منت آپ کی

بولئے کرتا ہوں منت آپ کی

کیوں مکدر ہے طبیعت آپ کی

پھونکے دیتی ہے کلیجا سینے میں

شعلہ بن بن کر محبت آپ کی

اتنی بے پروائیاں اچھی نہیں

لوگ کرتے ہیں شکایت آپ کی

چاندنی منہ پر نہ پڑنے دیجیے

میلی ہو جائے گی رنگت آپ کی

ایک دل رکھتے تھے وہ بھی کھو چکے

ہو گئے مفلس بدولت آپ کی

داغ ہم کو خال صاحب کو ملا

یہ نصیب اپنا وہ قسمت آپ کی

مر کے پھر زندہ ہوئے سمجھیں گے ہم

جھیل جائیں گے جو فرقت آپ کی

منہ لگا کر پھر نہ ہرگز پوچھنا

واہ کیا اچھی ہے عادت آپ کی

حوریں جنت سے تو پریاں قاف سے

دیکھنے آتی ہیں صورت آپ کی

میری صورت سے اگر نفرت نہیں

کیوں بدل جاتی ہے رنگت آپ کی

ایک بوسے پر ہزاروں حجتیں

مانیے کیوں کر سخاوت آپ کی

سن کے مطلب صاف آنکھیں پھیر لیں

دیکھ لی ہم نے مروت آپ کی

پھول کی جا پنکھڑی اے باغ حسن

داغ دل پر ہے عنایت آپ کی

ہر کسی کے سامنے روتے ہو بحرؔ

بہہ گئی آنکھوں سے غیرت آپ کی

(774) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Boliye Karta Hun Minnat Aap Ki In Urdu By Famous Poet Imdad Ali Bahr. Boliye Karta Hun Minnat Aap Ki is written by Imdad Ali Bahr. Enjoy reading Boliye Karta Hun Minnat Aap Ki Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Imdad Ali Bahr. Free Dowlonad Boliye Karta Hun Minnat Aap Ki by Imdad Ali Bahr in PDF.