تو بگڑتا بھی ہے خاص اپنے ہی انداز کے ساتھ

تو بگڑتا بھی ہے خاص اپنے ہی انداز کے ساتھ

پھول کھلتے ہیں ترے شعلۂ آواز کے ساتھ

ایک بار اور بھی کیوں عرض تمنا نہ کروں

کہ تو انکار بھی کرتا ہے عجب ناز کے ساتھ

لے جو ٹوٹی تو صدا آئی شکست دل کی

رگ جاں کا کوئی رشتہ ہے رگ ساز کے ساتھ

تو پکارے تو چمک اٹھتی ہیں میری آنکھیں

تیری صورت بھی ہے شامل تری آواز کے ساتھ

جب تک ارزاں ہے زمانے میں کبوتر کا لہو

ظلم ہے ربط رکھوں گر کسی شہباز کے ساتھ

پست اتنی تو نہ تھی میری شکست اے یارو

پر سمیٹے ہیں مگر حسرت پرواز کے ساتھ

پہرے بیٹھے ہیں قفس پر کہ ہے صیاد کو وہم

پر شکستوں کو بھی اک ربط ہے پرواز کے ساتھ

عمر بھر سنگ زنی کرتے رہے اہل وطن

یہ الگ بات کہ دفنائیں گے اعزاز کے ساتھ

(1240) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Tu BigaDta Bhi Hai KHas Apne Hi Andaz Ke Sath In Urdu By Famous Poet Ahmad Nadeem Qasmi. Tu BigaDta Bhi Hai KHas Apne Hi Andaz Ke Sath is written by Ahmad Nadeem Qasmi. Enjoy reading Tu BigaDta Bhi Hai KHas Apne Hi Andaz Ke Sath Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Ahmad Nadeem Qasmi. Free Dowlonad Tu BigaDta Bhi Hai KHas Apne Hi Andaz Ke Sath by Ahmad Nadeem Qasmi in PDF.