کیا ہونا ممکن ہے

اگر تم کسی دن کچھ بن جاؤ

یعنی تم ایک حرف بن جاؤ

جو اب تک کسی حروف تہجی کا حصہ نہ ہو

تو جدلیاتی مادیت کے مطابق کیا ہوگی تمہاری

حیثیت

کیا کہیں گے تمہارے بارے میں اہل شریعت

کس مقام پر رکھیں گے تمہیں اہل طریقت؟

کون سی جمہوریت تمہیں قبول کرے گی

کیا سلوک کریں گے تمہارے ساتھ ماہرین

لسانیات؟

کیسے طے کیا جائے گا تمہارے لیے کوئی نام؟

کیسے مقرر کی جائے گی آواز؟

کیا کریں گے جدیدیے اور ما بعد الجدیدیے؟

ضرور تمہارا رشتہ کرانے کو کوشش کی جائے گی

اور اس سے پہلے

طے کی جائے گی تمہاری جنس

لیکن کیسے طے کی جائے گی تمہاری جنس

کیا قبول کر سکے گا تمہیں کوئی لفظ؟

قبول بھی کر لیا

کسی متروک یا نا قابل استعمال نے

تو کیا کرے گی گرامر

کیا بنے گا گرامر کی کتابوں کا؟

ضرور تمہیں جلا وطن کر دیا جائے گا

ضرور کسی دن سب اکٹھے ہوں گے

اور قتل کر دے گا تمہیں

اجتماعی مفاد یا قومی سلامتی کے پیش نظر

سنگسار کر دے گا

ناجائز اور نا تحقیق ہونے کے جرم میں

اور شاید تم بھی یہی سمجھو گے

ایسے ہونے سے تو بہتر ہے

نہ ہونا

(975) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Kya Hona Mumkin Hai In Urdu By Famous Poet Anwar Sen Roy. Kya Hona Mumkin Hai is written by Anwar Sen Roy. Enjoy reading Kya Hona Mumkin Hai Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Anwar Sen Roy. Free Dowlonad Kya Hona Mumkin Hai by Anwar Sen Roy in PDF.