ایڈن گارڈن

یہ ایڈن گارڈن ہمدم نگاہ و دل کی جنت ہے

یہاں حوا کی رنگیں بیٹیاں ہر شام آتی ہیں

جواں مردوں کو اپنی جاذبیت سے لبھاتی ہیں

دلوں کو شرمگیں نظروں سے پیہم گدگداتی ہیں

سہاگن ہے تو اس کی مانگ میں جھومر چمکتا ہے

کنواری ہے تو اس کے جسم سے خوشبو نکلتی ہے

گلابی مدھ بھری آنکھوں سے اک مستی ابلتی ہے

وہ مستی جو دلوں کے ساغر رنگیں میں ڈھلتی ہے

کہیں جوڑے میں کوئی پھول گوندھے کوئی لٹ کھولے

فضائے ساحل ہگلی میں رنگ و نور بھرتی ہے

بھرے مجمع میں اپنے حسن کا اعلان کرتی ہے

تماشہ دیکھنے والوں کی روحوں میں اترتی ہے

سنہری بالیاں شوخی سے رخساروں کو تکتی ہیں

کھنکتی چوڑیاں گیتوں کی میٹھی دھن سناتی ہیں

جبیں پر ننھی ننھی کہکشائیں جگمگاتی ہیں

حنائی انگلیاں لہرا کے ساجن کو بلاتی ہیں

یہ بنگالی حسیناؤں کی جلوہ گاہ ہے ہمدم

یہاں پیر و جواں آ کر متاع دل لٹاتے ہیں

جنوں انگیز لے میں نرم و شیریں گیت گاتے ہیں

نگاہوں میں نگاہیں ڈالتے ہیں مسکراتے ہیں

ٹھہر اے جذبۂ بے تاب اسی رنگین دنیا میں

لبوں کی سرخ مے سے دل کے خالی جام کو بھر لیں

شمیم زلف سے بے ربط سانسیں عنبریں کر لیں

جوانی کے بہار آگیں گلستاں میں قدم دھر لیں

(691) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Eden Garden In Urdu By Famous Poet Owais Ahmad Dauran. Eden Garden is written by Owais Ahmad Dauran. Enjoy reading Eden Garden Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Owais Ahmad Dauran. Free Dowlonad Eden Garden by Owais Ahmad Dauran in PDF.